لاہور :فلم اور ٹی وی سٹار احسن خان نے کہا ہے کہ ماہرہ خان کو اپنے جسم، زندگی اور طرزِ عمل پر مکمل اختیار ہونا چاہیے۔ یہ ان کا حق ہے جسے نہ دفاع کی ضرورت ہے اور نہ ہی تشریح و تاویل کی۔ ماہرہ خان اور رنبیر کپور کی تصاویر پر کھڑے ہونے والے تنازعے نے مجھے بہت پریشان کیا ہے۔ مجھے ان لوگوں پر غصہ آ رہا ہے جنھیں ان تصاویر پر غصہ آیا تھا۔ مجھے ان لوگوں پر بھی غصہ آ رہا ہے جو سگریٹ نوشی، انڈین اداکار سے دوستی اور اپنی مرضی کا لباس پہننے جیسی چیزوں کا دفاع کر رہے ہیں کیوں کہ انھیں دفاع کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ میں ان لوگوں پر بھی برہم ہوں جو نیویارک میں وقت گزارنے والے بالغ افراد کی خلوت میں مخل ہوئے اور ان کی مرضی کے بغیر تصاویر کھینچ لیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ ماہرہ کی پشت پر موجود نشان ”لو بائیٹ“ ہے یا آپریشن کے زخم کا نشان۔ اس سے بھی فرق نہیں پڑتا کہ سگریٹ صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ یہ ان کی اپنی صحت کا معاملہ ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ ایک انڈین اداکار کے ساتھ دوستی کر رہی ہیں۔ اس سے بھی فرق نہیں پڑتا کہ ان کا لباس کیسا ہے۔ یہ ان کا جسم ہے اور وہ فیصلہ کر سکتی ہیں کہ اسے کس حد تک چھپایا جائے یا دکھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان میری گہری دوست ہیں، لیکن اس برہمی کا تعلق میرے اور ماہرہ کے درمیان تعلق سے نہیں ہے۔ ان کی جگہ کوئی بھی شخص ہوتا تو میں اتنا ہی برہم ہوتا، چاہے میں اسے ناپسند ہی کیوں نہ کرتا ہوں۔