کابل: غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے شورش زدہ صوبے ہلمند کے ضلع گرشک میں گزشتہ کئی روز سے طالبان اور افغان سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں اور اس لڑائی میں زمینی افواج کی معاونت کے لیے فضائی کارروائی کی گئی تاہم غلطی سے اس کا نشانہ افغان فورسز کے اہلکار ہی بن گئے۔
ہلمند کے گورنر حیات اللہ حیات نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں 10 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ یہ فضائی حملہ اس جگہ کیا گیا جہاں گزشتہ کئی روز سے طالبان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ دو ماہ قبل اسی ضلع میں امریکی فضائیہ کی بمباری سے 16 افغان اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ ہلمند کے ضلع گرشک کے زیادہ تر علاقوں پر طالبان کا کنٹرول ہے۔ ادھر صوبہ اروزگان میں طالبان نے حملہ کر کے فوجی اڈے پر قبضہ کر لیا جس کے نتیجے میں 20 سیکورٹی اہلکار لاپتہ ہو گئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں