لاہور: غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ان کے ملک واپس بھیجنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
ے اقدام پر شہری خیال نورو اور دیگر نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرا دی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ غیرملکیوں کو ملک سے واپس بھیجنا آئین پاکستان کے خلاف ہے۔
لاہور ہائیکورٹ آفس نے درخواست پر غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ان کے ملک واپس بھیجنےکا نوٹیفیکیشن ساتھ نہ لگانے کا اعتراض عائد کردیا۔ جسٹس علی باقر نجفی بطور اعتراضی درخواست پر سماعت کریں گے۔
واضح رہے کہ سندھ بھر میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس سلسلے میں حیدرآباد میں بھی زیر حراست غیر ملکیوں کیلئے ہولڈنگ پوائنٹ قائم کردیا گیا ہے۔ ہولڈنگ پوائنٹ میں حیدرآباد اور میرپور خاص ڈویژن کے غیر ملکیوں کو منتقل کیا جائے گا۔
دوسری جانب منڈی بہاؤالدین میں بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی بیدخلی کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے، نرسنگ ہاسٹل میں کیمپ قائم کردیا گیا۔
نادرا کی جانب سے غیر قانونی غیر ملکی افراد کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
یکم نومبر کو 17 ہزار 118افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے۔جن میں پانچ ہزار مرد، چار ہزار سے زائد خواتین اور سات ہزار 940بچے شامل ہیں۔ایک روز میں 692خاندانوں کو 270گاڑیوں پر وطن واپس بھیجا گیا ۔اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 43 ہزار 135افغان پناہ گزین وطن واپس جا چکے ہیں۔