اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خونی مارچ چلتا جا رہا ہے اور معصوم جانیں جاتی جا رہی ہیں، چور، ڈاکو، جھوٹے، نااہل، نالائق، فارن فنڈڈ تم خود ہو، عوام کوسب پتہ ہے، فارن فنڈڈ فتنے! اب بہت دیر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جوتے پالش کرنے والی پالش کی کالک تمہارے منہ پر صاف نظر آ رہی ہے، فارن فنڈڈ فتنے! اب شہباز شریف کی حکومت ہے، آپ روئیں، پیٹیں یا چیخیں، شہباز شریف اگر چور تھے تو عدالتوں میں ثبوت کیوں نہیں دیئے؟ اب دیر ہو گئی، رانا ثناءاللہ اگر قاتل تھے تو ہیروئن کیوں ڈال کر گرفتار کیا؟ کہاں گئی ویڈیو؟
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو آپ کی حکومت نے باہر جانے کی اجازت دی، نہ دیتے، اب دیر ہو گئی، اگر احتساب کر رہے تھے تو پھر آرمی چیف کو تاحیات توسیع کی آفر کیوں کی؟ فارن فنڈڈ فتنہ حکومت میں نہیں تو مارشل لاء؟ یہ ہے آپ کی فسطائیت اور آمرانہ ذہنیت، کرپشن کے مقدمات صحیح تھے تو طیبہ گل کو حبس بے جا میں کیوں رکھا؟ مقدمات صحیح تھے تو آپ کے دور حکومت میں عدالتوں نے بری کیوں کیا؟
وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن فنڈڈ فتنے! اب بہت دیر ہو گئی، خونی مارچ چلتا جا رہا ہے اور معصوم جانیں جاتی جا رہی ہیں، جیلوں میں ڈالنے پر جتنا زور لگایا تھا اتنا ثبوت اکٹھے کرنے میں لگاتے؟ چور، ڈاکو، جھوٹے، نااہل، نالائق، فارن فنڈڈ تم خود ہو، عوام کو سب پتہ ہے۔