اسلام آباد: توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ہفتہ کے دن تک تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ہے ۔
سپریم کورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کی ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے بابر اعوان اور فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے ۔
چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کر رہے ہیں ، ہم نے رپورٹس منگوائیں ہیں ۔ تمام رپورٹس اور مواد یہ کہہ رہا ہے کہ آپ ذمہ دار ہیں ۔ جب عدالتی اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے تو یہ عمل غیر قانونی ہونے کے مترادف ہے ۔ آپ کو معاملہ ہوا میں نہیں چھوڑنا چاہئے تھا ۔