لاہور: ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو ٹکر دینے کیلئے فلم “ضرار” کی ریلیز کی تیاریاں شروع ہوگئیں ہیں ۔ جس میں لالی وڈ سپر سٹار شان ایک عرصہ بعد بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لالی وڈ انڈسٹری نے 60 کی دہائی سے اب تک بڑے بجٹ کی یادگار اور تاریخی فلمیں دیں جو باکس آفس پر خاطر خواہ کمائی بھی کر گئیں مگر دی لیجنڈ آف مولا جٹ نے کمائی میں سب کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔
خیال رہے کہ 1960 کی دہائی کو بالعموم سنہرے دور یا پاکستانی فلم انڈسٹری کے عروج کے طور پر یاد کیا جاتا ہے ۔ ملکی تاریخ میں یہ واحد عشرہ ہے جب فلموں کی مجموعی تعداد ایک ہزار کا ہندسہ عبور کر سکی ۔ 1967 میں 10 لاکھ کے بجٹ سے بننے والی فلم “لاکھوں میں ایک“ خوب مقبول ہوئی ۔ 1970 کی دہائی میں بننے والی فلم ’’ہیر رانجھا‘‘ نے باکس آفس پر سترہ کروڑ کی کمائی کی ۔
1981 میں بننے والی فلم ’’چن وریام‘‘ نے ایک کروڑ 80 لاکھ کا بزنس کیا ۔ 1984 میں بڑے بجٹ کی فلم شعلے ، سینماؤں کی زینت بنی جس نے کمائی کے ریکارڈ توڑے ۔ نوے کی دہائی میں فلم جیوا نے طویل عرصے تک باکس آفس پر راج کیا ۔
1998 کی چوڑیاں بھی سپر ڈوپر ہٹ بنی ، جو بنی تو باون لاکھ میں مگر چالیس کروڑ کا بزنس کر گئی ۔ 2014 میں فلم ’نا معلوم افراد‘ 90 ملین روپے کے بجٹ سے تیار ہوئی اور 140 ملین کما کر خاصی کامیاب رہی ۔ تاہم پاکستان سینما گھروں میں بڑے بجٹ کی بڑی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ چھا گئی جس نے ایک ہفتے میں 135 کروڑ روپے کما کر پاکستانی سینما کی نئی تاریخ رقم کر دی ۔