ابوظہبی : ٹی20 ورلڈکپ 2021 کےمیچ میں بنگلہ دیش کی ناقص کارکردگی بھی جاری ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف بنگلہ دیش کی ٹیم 85 رنز پر ڈھیر ہوگئی ہے۔
ابوظبی میں کھیلے جارہے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
بنگلہ دیشی اوپنرز محمد نعیم اور لٹن داس نے ٹیم کو 22 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس مرحلے پر کگیسو ربادا نے نعیم کے ساتھ ساتھ نئے بلے باز سومیا سرکار کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔ ابھی بنگلہ دیشی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ربادا نے اپنے اگلے اوور میں مشفیق کو بھی چلتا کردیا۔
کپتان محموداللہ ریاض بھی ٹیم کے کام نہ آ سکے اور اینرچ نوکیا نے انہیں چلا کردیا جبکہ ڈیوین پریٹوریس نے عفیف حسین کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع فراہم نہ کیا۔
لٹن داس نے مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا لیکن 24 رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور تبریز شمسی نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد 11 رنز بنانے والے شمیم حسین کی اننگز کا بھی اختتام کردیا۔ تسکین بھی تین رنز سے زیادہ نہ بنا سکے اور رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹنے والے آٹھویں بلے باز بن گئے۔
اسکور 84 تک پہنچا تو اننگز کے 19ویں اوور میں اینرچ نوکیا نے لگاتار دو گیندوں پر 27 رنز بنانے والے مہدی حسن اور نُسم احمد کو چلتا کر کے بنگلہ دیشی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا اور نوکیا نے تین، تین جبکہ تبریز شمسی نے ایک وکٹ لی۔