اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر تعلیم اور ہائرایجوکیشن پر ہمارا فوکس بڑھ رہا ہے اور بڑھتا جارہا ہے ۔ تعلیم اس انداز سے دی جائے کہ طلبا کی کارکردگی میں اضافہ ہو ۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اللہ تعالیٰ نے بہت سی صلاحیتیں عطا کر رکھی ہیں ۔ پاکستانی قوم ایک خاص وژن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے ۔ پاکستان میں اس بات پر ہمیشہ غور کیا جاتا ہے کہ طلبا کو تعلیم کس طرح دی جائے ، انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم اور ایچ ای سی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ تعلیم سمیت ہائرایجوکیشن میں آگے بڑھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہے ۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں 9 سے 10 فیصد طلبا ہائرایجوکیشن میں جارہے ہیں ، بنگلا دیش میں 16 فیصد اور بھارت میں 20 فیصد طلبا ہائر ایجوکیشن کی طرف جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومیں ذہنوں سے بنتی ہیں ، جتنے زیادہ ذہن اچھے ہوں گے اتنی ہی قومیں ترقی کریں گی ۔
عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی قوم خاص مقصد اور منزل کے حصول کیلئے اس وقت آگے بڑھ رہی ہے ۔ پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور یہ باصلاحیت ہیں ، کسی بھی طالب علم کی صلاحیت جانچنے کیلئے تعلیم ایک چھاننی کی حیثیت رکھتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہتر ڈاکٹرز ، انجینئرز تیار ہوئے جو دوسرے ممالک میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں ۔ پاکستان میں 2 ایسے معاملے ہیں جن پر غور و خوض کرنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان میں نوجوان مارکیٹ کے مطابق تیار نہیں ہوپاتے ، ملک میں جو نوجوان طلبا کام کیلئے تیار ہو جاتے ہیں ان کی مقامی مارکیٹ میں کھپت نہیں ہوتی ۔ ہمیں طلبا کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا ہوگی ۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہائرایجوکیشن میں خواتین کی اکثریت میڈلز حاصل کرتی ہے مگر وہ آگے نہیں بڑھتی ۔ پڑھی لکھی خاتون پڑھے لکھے خاندان اور معاشرے کا موجب ہوتی ہیں ۔ خواتین کو تعلیم کے شعبے میں مواقع دے کر ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں ۔ ہمیں خواتین کو آگے بڑھنے کیلئے معاشرے کو مزید محفوظ بنانا ہوگا ۔