دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر انگلینڈ کے امپائر مائیکل گف پر 6 روز کی پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ میں یہ بائیو سیکیور ببل کی پہلی خلاف ورزی ہے جو کھلاڑی کے بجائے آفیشل کی جانب سے کی گئی ہے جس پر آئی سی سی نے انگلینڈ کے امپائر مائیکل گف پر 6 روز کی پابندی عائد کرتے ہوئے انہیں قرنطینہ کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل مقابلوں میں بہترین فیصلوں سے اپنی پہچان بنانے والے امپائر مائیکل گف کو آئی سی سی بائیو سیکیورٹی کمیٹی نے 6 روز کیلئے قرنطینہ بھیجتے ہوئے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی مزید تحقیقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز مائیکل گف بائیو سیکیور ببل میں ہوٹل سے باہر نکلے اور بغیر اجازت لوگوں سے ملاقات کی جس کے بعد انہیں فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا جس کے باعث وہ گزشتہ اتوار بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام نہیں دے سکے۔
مائیکل گف قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالیں گے تاہم انہیں آئی سی سی کی جانب سے مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور اس کے نتیجے میں انہیں مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں امپائرنگ سے ہاتھ بھی دھونا پڑ سکتے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈکپ میں امپائرنگ کرنے والے مائیکل گف پر 6 دن کی پابندی عائد مگر کیوں؟
01:25 PM, 2 Nov, 2021