”ہمیں تھکاوٹ ہو گئی ہے“ بھارتی فاسٹ باؤلر کا حیران کن بیان

12:44 PM, 2 Nov, 2021

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پے در پے شکستوں کے بعد بھارتی کھلاڑی بہانے تراشنے لگے ہیں جن کا کہنا ہے کہ ہم تھکاوٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور اس سے کارکردگی پر اثر پڑتا ہے۔ 
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیوزی سے عبرتناک شکست پر بھارتی فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کرونا وائرس کے باعث بائیو ببل کی پابندی سے تھکاوٹ کا شکار ہوگئی ہے جبکہ مسلسل سفر نے بھی کارکردگی پر اثر ڈالا ہے۔
جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ ورلڈ کپ شروع ہونے سے ایک ہفتے قبل انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ختم ہوئی تو کیا یہ بھی تھکاوٹ کا باعث بنی تو ان کا کہنا تھا کہ بالکل کبھی کبھار آپ کو وقفے کی ضرورت ہوتی ہے، آپ اپنے خاندان کو یاد کرتے ہیں جب آپ چھ ماہ سے اپنے گھر سے دور ہوں۔ 
بھارتی فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ہم لوگ کبھی کبھار ’غیر حاضر دماغ‘ کیساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں لیکن جب آپ میدان میں ہوتے ہیں تو آپ ایسی باتوں کے بارے میں نہیں سوچتے، یقینا گھر سے باہر رہنا اور طویل مدت کیلئے خاندان سے دور رہنا اس میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی نے ہمیں مطمئن کرنے کی کوشش کی لیکن ابھی عالمی وباءموجود ہے اور یہ مشکل وقت ہے لہٰذا آپ بہتری کی کوشش تو کرتے ہیں مگر کبھی کبھار تھکاوٹ ہوجاتی ہے اور موجودہ صورتحال میں دماغی تھکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو جسمانی تھکاوٹ سے زیادہ کارکردگی پر اثرانداز ہوتی ہے۔ 
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت پاکستان کے بعد نیوزی لینڈ سے 8 وکٹوں سے شکست کھانے کے بعد گروپ 2 میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے اور اب بقیہ 3 میچز میں کامیابی بھی سیمی فائنل میں رسائی کیلئے ناکافی ہو سکتی ہے اور اگلے مرحلے میں جانے کیلئے اسے دیگر ٹیموں کے میچز کے نتائج پر انحصار کرنا ہو گا۔ 

مزیدخبریں