راولپنڈی: حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان معاہدے کے بعد لاہور سے راولپنڈی کے درمیان دریائے جہلم کے پلوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں اور ٹریفک بحال ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف جگہوں سے رکاوٹیں ہٹائے جانے کے بعد سرائے عالمگیر اور جہلم کے درمیان ٹریفک بحال ہو گئی ہے تاہم وزیر آباد اور گجرات کے درمیان چناب کا پل بدستور بند ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر آباد، گجرات اور گوجرانوالہ میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے، کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے مظاہرین آج پانچویں روز بھی وزیر آباد میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکنان کی جانب سے دئیے جانے والے دھرنے کے سبب گوجرانوالا اور وزیرآباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج رہا۔ حکومت سے معاہدے کے بعد مظاہرین نے سامان باندھ لیا ہے اور واپس اپنے شہروں کی جانب روانگی کی تیاری کررہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان ریلویز نے کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث معطل کی گئی ٹرینوں کا شیڈول بحال کر دیا ہے۔ ترجمان ریلویز کے مطابق پشاور اور راولپنڈی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کاشیڈول آج سے بحال کردیا گیا ہے جس کے بعد پشاور سے کراچی اورکراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل اپنے مقررہ روٹ پر سفر کریں گی۔
پاکستان ریلویز کا کہنا ہے کہ راول ایکسپریس راولپنڈی اور لاہور دونوں اطراف سے رات ساڑھے 12 بجے شیڈول کے مطابق روانہ ہو گی، اسی طرح آج صبح سے تمام ٹرینیں متبادل روٹ کی بجائے معمول کے مطابق مقررہ روٹ پر روانہ ہوں گی۔