لاہور: پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے ، یوں گرین شرٹس کے پاس وائٹ واش کا سنہری موقع ہے، آخری میچ کےلیے پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ پاکستان نے پہلا میچ 26 رنز، جبکہ دوسرا ون ڈے 6 وکٹ سے جیتا ہے۔
واضح رہے کہ گرین شرٹس نے 207 رنز کا ہدف 36ویں اوور میں حاصل کیا۔ پاکستان نے اس جیت کے ساتھ سیریز اپنے نام کرلی، تین میچز کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر کی برتری مل گئی۔
پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور مہمان ٹیم کو 206 رنز پر آوٹ کر دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 5 جبکہ محمد موسیٰ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زمبابوے کے بہترین بلے باز ولیمز 75 رنز کیساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
جوابی اننگز میں پاکستانی اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اوپنگ بیسٹمینوں نے 68 رنز کی ساجھے داری بنائی۔ عابد علی نے 22 ، امام الحق نے 49 جبکہ کپتان بابر اعظم نے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو کامیابی دلائی۔
افتخار احمد کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
یاد رہے کہ 30 اکتوبر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی تھی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے زمبابوے کو 282 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 255 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔