لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ایاز صادق اور مسلم لیگ ن بار بار واضح کر چکے ہیں کہ قومی اسمبلی میں ان کے بیان کا ہدف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تھے، جبکہ حکومتی وزراء مصر ہیں کہ ان کے بیان کا ہدف آرمی چیف تھے ، خود فیصلہ کریں کہ قومی سلامتی پر سیاست اور اسے بے توقیر کون کر رہا ہے؟
ادھر مریم نواز نے کمرہ عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی، ملاقات میں ایاز صادق کے بیان سمیت دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ حکومت میری بات کو فوج پر ڈال رہی ہے جو کہ مناسب بات نہیں، انہوں نے کہا مسلم لیگ ن نے کبھی حکومت سے این آر او نہیں مانگا اور نہ ہی عمران خان سے این آر او چاہتے ہیں۔
ایازصادق نے مزید کہا کہ حکومت نے قومی اسمبلی میں کی گئی بات کو غلط رنگ دیا جس پر عوام نے اپنے غصے کا اظہار کیا۔ حکومت کے پاس کارکردگی نہیں ہے یہ بس غداری کے سرٹیفیکیٹ بانٹ رہے ہیں ۔
اس سے قبل رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا تھا کہ حکومت سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بیان پر پروپیگنڈا کر رہی ہے، رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت بھارتی پروپیگنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) اور مسلم لیگ (ن) کو اس بیان سے منسوب کیا جائے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہمیں اداروں سے متصادم کرایا جائے، لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔