منتخب نمائندوں کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے: عثمان بزدار

04:07 PM, 2 Nov, 2020

لاہور: رکن صوبائی اسمبلی اظہر عباس چانڈیا کی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ، اظہر عباس چانڈیا نے وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد کا اظہار کیا اور اپنے حلقے کے مسائل بیان کیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں اظہر عباس چانڈیا نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حلقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ن لیگ کی قیادت کی جانب سے اداروں کے خلاف متنازعہ بیانات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خلوص نیت سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے، کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ سابق حکومتوں نے چھوٹے شہروں کو ترقی کے سفر سے محروم رکھا۔

انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ اور جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کی جانب وسائل کا رخ پہلی بار موڑا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی ادارے ہمارا فخر ہیں۔ اداروں کو متنازعہ بنانا پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے۔ عوام کی طاقت سے ایسی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جس شاخ پر بیٹھی ہیں، اس درخت کو ہی کاٹ رہی ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کا رویہ ملکی مفادات کے منافی ہے۔ کل بھی اداروں کے ساتھ تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔

اظہر عباس چانڈیا نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی اور مسائل حل کئے ہیں۔ آپ نے ہمیں عزت و احترام دیا ہے۔ نعیم عباس چانڈیا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں