اسلام آباد: رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے۔ عوام اپنا آئینی حق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے اب تک ہونے والے تینوں جلسے تاریخی رہے ،پی ڈی ایم ملک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تحریک شروع کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کے ووٹوں سے حکومت بنتی تو ملک و قوم کا یہ حال نہ ہوتا ۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تحریک شروع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اب تک تین جلسے ہوئے ہیں اور ان پر تاریخی رسپانس ملا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں تاریخی جلسے تھے،جوش و خروش تاریخ ساز دیکھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام اپنا آئنی حق مانگ رہی ہے۔ ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جلسوں کو روکنے کی بھی کوشش کی گئی۔کراچی میں مریم نواز کے ہوٹل کمرے پر حملہ ہوا۔کیپٹن (ر)صفدر کو گرفتار کیا گیا، آئی جی سندھ کو اغواء کر کے پرچہ کروایا گیا۔یہ ایک آئینی مسئلہ ہے۔ ملک میں حالیہ مہنگائی کی لہر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چینی ایک سو 10، آٹا 80 روپے کلو بک رہا ہے۔ ادویات کی قیمتیں بڑھا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی وجہ نہیں کہ آٹا مہنگا فروخت ہو۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ یہاں کوئی بات کرنے والا نہیں ہے۔ عمران خان مہنگائی ختم کرنے کی بجائے ہفتہ وار تقریر کرتے ہیں اور کابینہ کا اجلا س بلاتے ہیں ، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ جب بھی کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی سی اور کابینہ میں وہ فیصلے کیے جاتے ہیں جس سے مخصوص طبقے کو فائدہ ہو۔