پنجاب میں کورونا وائرس کے پھیلائو کا خطرہ، 800 سے زائد مقامات پر لاک ڈائون نافذ

02:36 PM, 2 Nov, 2020

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، قصور، ملتان، راولپنڈی، ساہیوال اور سرگودھا شہر کے علاقوں سمیت دیگر میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد سمارٹ ڈائون نافذ کر دیا گیا ہے۔

صوبے کے جن 830 مقامات پر سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا ان میں 1416 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں لاہور چار سو پینتیس، بہاولپور سینتیس، بھکر پینتیس، چنیوٹ سات، ڈیرہ غازی خان سترہ، فیصل آباد چونتیس، گوجرانوالہ چودہ، گجرات انتیس، جہلم آٹھ، قصور تین، ملتان چوالیس، راولپنڈی سینتالیس، ساہیوال سولہ اور سرگودھا کے چوبیس مقامات سمارٹ لاک ڈائون کے تحت بند کئے گئے ہیں۔

 یہ اقدام وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک کے گیارہ شہروں میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پاکستان میں 80 فیصد کورونا کیسز گیارہ بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔ این سی او سی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں احتیاطی تدابیر اور ماسک کو لازم قرار دیں۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں ایک سو سولہ، راولپنڈی سینتیس، وہاڑی پانچ، بہاولپور تینتیس، بھکر دو، خوشاب چار، ملتان اکتیس، سرگودھا دس، مظفر گڑھ پانچ، سیالکوٹ دو، گوجرانوالہ دو، اٹک پانچ، خانیوال تین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد سات، ساہیوال دو، حافظ آباد دو اور ڈیرہ غازی خان میں چھ کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 12 مریض جان گنوا بیٹھے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 835 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 13 ہزار 242 ہے جبکہ ایک دن میں ایک ہزار 123 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

 ملک بھر میں کورونا کے 3 لاکھ 15 ہزار 016 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 35 ہزار 093 مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔ سندھ میں 1 لاکھ 46 ہزار 331، پنجاب 1 لاکھ 4 ہزار 554، خیبر پختونخوا 39649، اسلام آباد میں 20089، گلگت بلتستان 4279، بلوچستان میں 15954 اور آزاد کشمیر میں کورونا کے 4237 مصدقہ کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے 2631، پنجاب 2365، خیبر پختونخوا 1279، اسلام آباد 222، بلوچستان 151، گلگت بلتستان، 92 اور آزاد کشمیر میں تاحال کورونا وائرس سے 95 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 27953 کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔

اس وقت ملک بھر کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے 879 مریض زیر علاج ہیں۔ ان میں سے 119 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ملک بھر میں تاحال 44 لاکھ 86 ہزار 843کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

مزیدخبریں