ریاض : سعودی وزارتِ داخلہ کے ترجمان طلال الشھلوب نے کہا ہے کہ جب بھی ضرورت پڑے گی ملک میں لاک ڈاؤن ہر حال میں کیا جائیگا۔ فیصلے کااطلاق متعلقہ کمیٹی کی سفارش پر ہوگا۔
عرب ویب سائٹ سبق ویب کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان سے پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت میں حفاظتی انتظامات کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا ۔
ترجمان نے کہا کہ فی الوقت موسم تبدیل ہورہاہے ۔ گرمی کا موسم اختتام پذیر ہے اور سردی کا موسم شروع ہوچکا ہے ۔ بعض لوگ حفاظتی تدابیر کے سلسلے میں بے پرواہی برتنے لگے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک اچھی بات یہ نوٹ کی ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے سلسلے میں سماجی رابطہ مضبوط ہوا ہے ۔ دوسری جانب منفی صورت حال یہ ابھرنے لگی ہے کہ جس طرح ایس او پیز کی پابندی کی جارہی تھی اب لوگ اس میں کوتاہی برتنے لگے ہیں ۔
کئی لوگوں نے حفاظتی ماسک پہننا بند کردیا ہے ۔جبکہ تقریبات کے حوالے سے بھی کے حوالے سے بھی خلاف ورزیاں ہونے لگی ہیں ۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سب لوگ ، افراد ہوں یاادارے احتیاطی تدابیر کی پابندی کریں ، یاد رکھیں کہ حالات کے معمول پر آنے کا مطلب یہ نہیں کہ خطرہ ٹل گیا ہے ۔ ہر شخص کا فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔