اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام ٹیکس گزاروں کو اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020ء سے پہلے جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔ گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی رہنمائی کے لئے ویڈیو ٹیو ٹوریلز ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ کسی بھی دشواری پیش آنے پر ایف بی آر کی ہیلپ لائن 111772772 یا ویب سائٹ www.fbr.gov.pk سے مدد لی جا سکتی ہے۔ یاد رہے انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنا ہر اس شخص پر لازم ہے جس کی سالانہ آمدن چھ لاکھ یا اس سے زائد ہے۔
ایف بی آر کے ڈیٹا بیس میں ایسے تمام افراد کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات مو جود ہیں۔ ایف بی آر ایسے تمام افراد کو آخری موقع فراہم کر رہا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے اپنے صحیح اخراجات اور آمدن کے حساب سے جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ٹیکس آسان ایپ پر سمارٹ فون کے ذریعے بھی گوشوارے جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو کہ قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود گوشوارے جمع نہیں کرا رہے اور ایسے افراد جن کے اخراجات قابل ٹیکس آمدنی سے زائد ہے مگر انہوں نے سالانہ گوشواروں میں اپنی آمدن قابل ٹیکس آمدنی سے کم ظاہر کی ہے۔
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں آسانی کے لئے ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ٹیکس سال 2020ء کے لئے نیا آسان ریٹرن فارم متعارف کرایا گیا ہے۔ ٹیکس گزار نئے وزرڈ بیسڈ آسان ویب انٹرفیس کے ذریعے راہ نمائی کے ساتھ سالانہ گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔