انقرہ: ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں جمعہ کو آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو ادارے اور امدادی ٹیموں کی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے لوگوں کی تلاش جاری ہے۔ اب بھی درجنوں افراد کے ملبے تکے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ زلزلے کے 48 گھنٹوں بعد ایک عمارت کے ملبے سے 70 سالہ شخص کو زندہ نکال لیا گیا۔
واضح رہے کہ ترکی میں 7.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں تھیں۔ زلزلہ ترک شہر ازمیر کے گردو نواح میں آیا جس کی شدت امریکی ریکٹر اسکیل کے مطابق 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے نیتجے میں اب تک 60 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ زلزلے کی وجہ سے ترکی کے ایجیئن ساحل اور یونان کے جزیرے سموس میں زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے کئی عمارتیں منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی اور یونان میں محسوس کیے گئے زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 7.0 محسوس کی گئی ہے جو ترکی کے مغربی صوبہ ازمیر کے ساحل سے تقریبا 17 کلومیٹر (11 میل) دور محسوس ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئیں تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جب کہ ساحلی علاقوں میں سمندری پانی بھی داخل ہوا۔
ترکی کی محکمہ ڈیزازٹر منیجمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.6 تھی جس کے باعث 20 عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد افراد ملبے تلے دبے جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کام جاری ہیں۔
خیال رہے کہ 1999 میں بھی ترکی کے زہر ازمیر میں آنے والے زلزلے میں تقریبا 17 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔