لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنا غیر آئینی اور غیرجمہوری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قوم نے عمران خان کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے،سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے اداروں کو متنازع بنانا قومی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے، مولانا لڑائی میں فوج کو گھسیٹ کر جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کر رہے ہیں اور نہ آئین اس کی اجازت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب جبکہ فوج کی طرف سے بھی وضاحت آ چکی ہے بہتر یہ ہو گا کہ فضل الرحمن اپنے بیان سے رجوع فرما لیں، معاہدے کی پاسداری لازم ہے، مولانا کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ حکومت کی مصالحتی پالیسی کی وجہ سے ہی ان کا قافلہ اسلام آباد میں داخل ہواہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اگر مصالحتی کمیٹی درمیان میں نہ ہوتی تو مولانا کے لوگوں کو اسلام آباد میں آنے ہی نہیں دیا جانا تھا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو مدت پوری کرنے کا اسی طرح حق ہے جس طرح مولانا صاحب کے دائیں بائیں کھڑی ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پوری کی ہیں ان سے مولانا صاحب نے کبھی اس طرح کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔