اسلام آباد: آزادی مارچ کے حوالے سے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی سے مذاکرات کیلئے وزیراعظم کی جانب سے قام حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ و وزیر دفاع پرویز خٹک نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاہد ہ توڑا گیا تو تباہی کے ذمہ دار اپوزیشن والے ہوں گے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ آزادی مارچ کے حوالے سے ہونے والے معاہدے پر رہبر کمیٹی میں شامل تمام جماعتیں متفق تھیں لیکن آج یہ کہتے ہیں کہ ہم معاہدے میں شامل نہیں ۔
پرویز خٹک نے مزید کہا کہ ہم نے معاہدہ کیا ہوا ہے اس کی پاسداری کریں گے اور ہم نے کوئی ڈیل نہیں کرنی۔ معاہدے کی پاسداری ہو گی اور یہ اگر معاہدے توڑتے ہیں تو تباہی کے ذمہ داری یہ خود ہوں گے ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ جو دھمکیاں دیتے ہیں لکھ کر کچھ دیتے ہیں زبانی کچھ کہتے ہیں ان پر کیا اعتماد کریں اور تمام صورت حال وزیراعظم عمران خان خود مانیٹر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کل کور کمیٹی کے اجلاس میں بھی موجودہ صور تحال پر بات ہو گی اور معاہدے کی خلاف ورزی کوئی بھی کرے قانونی چارہ جوئی ہو گی جبکہ معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی تو قانون خود حرکت میں آئے گا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ لوگ تو ہم بھی لاسکتے ہیں یہ کیا بات ہوئی ، کل کیا ہم بھی لوگ لے کر آجائیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے اپوزیشن کے مطالبے سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا ہے اور جلد پرویز خٹک آزادی مارچ کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان سے بھی رابطہ کریں گے اور معاہدے کی یاددہانی کرائیں گے۔