لاہور :مثبت ڈوپ ٹیسٹ کے نتیجے میں پابندی کے شکارپاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز احمد شہزاد کو قواعد کی خلاف ورزی پر مزید 6 ہفتوں کی پابندی عائد کر دی گئی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق احمد شہزاد کو 19 اکتوبر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا اور اس کی روشنی میں ان پر عائد 4 ماہ کی پابندی کے خاتمے کے ساتھ ہی مزید 6 ہفتوں کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احمد شہزاد پر 6 ہفتوں کی پابندی کا اطلاق 11 نومبر سے ہوگا اور 22 دسمبر تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی برقرار رہے گی۔
یاد رہے کہ پابندی کے باوجود کلب کرکٹ کھیلنے پر پی سی بی نے احمد شہزاد کو 19 اکتوبر کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔احمد شہزاد نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پابندی کے باوجود کلب کی جانب سے 7 میچ کھیلے تھے ، پی سی بی نے احمد شہزاد کو جاری نوٹس میں کہا تھا کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ بورڈ کی جانب سے طے کردہ شقوں کے تحت معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے باوجود پابندی کے دوران پی سی بی اور اس کے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کیوں کی اور کیوں نہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔