لاہور: ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کے لیے آن لائن لائیو نیوٹریشن آوئرنس پروگرام چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیس بک پیچ پر خوراک اور غذائیت سے متعلقہ مسائل پر براہ راست پروگرام پیش کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کو اپنی صحت برقرار رکھنے کیلئے’’ کیا کھائیں اور کیا نہ کھائیں‘‘ کیلئے آن لائن لائیو نیوٹریشن آوئرنس پروگرام چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ فیس بک پیچ پربراہِ راست خوراک اور غذائیت سے متعلقہ مسائل پر مختلف پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ غذا اور غذائیت کے حوالے سے عوام کومفت مشورے بھی فراہم کیے جائیں گے۔کوالیفائیڈ نیوٹریشن ایکسپرٹ رائے دینے کے لیے فیس بک پر لائیو موجود ہوں گے۔
کیپٹن (ر)محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز کی آگاہی کے لیے آپریشن ٹیموں کی کاروائیاں بھی وقتا فوقتابراہِ راست دکھائی جائیں گی ۔گھریلو سطح پر کھانے کا کاروبار کرنے والوں کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔فیس بک پیج پرخواتین کو گھر کا باورچی خا نہ حفظانِ صحت اصولوں کے مطابق چلانے کے لیے بھی راہنمائی دی جائے گی۔ ہفتہ بھر کے لیے عوام کوسستے اورصحت مند کھانوں کی فہرست پر مبنی "مائی مینیو"پروگرام چلایا جائے گا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے پبلک ریلیشن اینڈ آوئرنس ونگ کی دوماہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ سوشل میڈیا ٹیم کی استعداد کاربڑھانے کا بھی حکم دیا۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوامی راہنمائی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔محفوظ خوراک کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی بھی بے حد ضروری ہے۔