لاہور:سیلفی بوائے احمد شہزاد کو ڈسپلن توڑنا مہنگا پڑ گیا اور پی سی بی نے معطلی کا شکار کرکٹر کی پابندی میں 6 ہفتے کا اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کرکٹراحمد شہزاد پر عائد پابندی میں 6 ہفتے کا اضافہ کردیا گیا،بیٹسمین نے پابندی کے باوجود 9 کلب کرکٹ میچز کھیلے جبکہ احمد شہزاد نے کلب کرکٹ کھیلنے پر معذرت کی۔
ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ احمد شہزادکاکہنا ہے انھیں پابندی کے دوران کلب کرکٹ کھیلنے سے متعلق معلومات نہیں تھیں۔پابندی کا اطلاق 11 نومبر سے شروع ہوگا۔خیال رہے کہ پاکستانی اوپنر احمد شہزاد پر ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر 4 ماہ کیلئے پابندی عائد کردی گئی تھی ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر کا 10 جولائی کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا، آزاد ریویو بورڈ کی رپورٹ میں پاکستانی بلے باز کو ممنوعہ ادویات کے استعمال کا مرتکب قرار دیا گیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد شہزاد سے 14 روز میں وضاحت طلب کی تھی تاہم وہ پی سی بی کو مطمئن نہ کرسکے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق پہلی بار ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر احمد شہزاد کو کم سے کم سزا سنائی گئی تھی جبکہ وہ 4 ماہ تک کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیل سکتے تھے۔