لاہور:جسم کے دیگر اعضاءکی طرح دانتوں کی صحت بھی بے حد اہم ہے۔روزانہ دو بار برش کرنے کے علاوہ آپ کی غذا اس حوالے سے اہم کردار کرتی ہے۔
دانتوں کو مضبوط کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مکھن، گائے کے قیمے اور نرم پنیر کو غذا کا حصہ بنایا جائے۔ اکثر لوگ باقاعدگی سے برش کرتے ہیں مگر پھر بھی انہیں کیویٹیز کا سامنا ہوتا ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ دانت بھی ایک زندہ عضو ہے اور اسے مناسب غذائیت درکار ہوتی ہے تاکہ اس کی سطح اور اندرونی حصے صحت مند رہ سکیں ورنہ دانتوں کے امراض کا سامنا ہوسکتا ہے۔
غذا میں وٹامن اے، ڈی، کے ٹو اور ای کی موجودگی دانتوں کی صحت کے لیے بے حد ضروری ہے۔اس سے طویل عرصے تک دانتوں میں تکلیف دہ فلنگ کرانے کی ضرورت بھی نہیں پڑتی۔وٹامن اے گائے کی کلیجی، مچھلی، دودھ اور انڈوں میں پایا جاتا ہے۔وٹامن ڈی کے لیے مچھلی، مشروم، پنیر اور دودھ وغیرہ کاانتخاب کیا جاسکتا ہے۔
مناسب مقدار میں وٹامنز اور منرلز کا استعمال دانتوں کو مضبوط اور صحت مند بناتے ہیں۔ درست غذائیت کا انتخاب نہ کرنے کی صورت میں منہ میں موجود بیکٹیریا اور ایسڈز کیویٹیز کا سبب بنتے ہیں۔وٹامن کے ٹو کے حصول کے لیے نرم پنیر، انڈے، مکھن، کلیجی اور قیمہ بہترین انتخاب ہے۔اسی طرح پالک اور گریاں جیسے بادام میں وٹامن ای پایا جاتا ہے۔