لاہور:ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ(ن) لیگ کا لندن پلان ناکام ہو گا ، کرپٹ مافیااپنی دولت بچانے کے لیے ملکی مستقبل اورجمہوریت دائو پرلگانا چاہتا ہے ،نواز شریف کے حواریوں کی جانب سے مسلسل عدالتوں کو نشانہ بنا یا جارہاہے اداروں کے ساتھ ٹکرائو نواز شریف کا پراناوطیرہ رہاہے
پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنماڈاکٹر یاسمین راشد نے ایک بیان میں کہا کہ نوازشریف این آر اوکے ماہر ہیں مگر اس دفعہ انہیں کوئی این آراو نہیں ملے گا ،قوم ملکی دولت لوٹنے والوں کو سلاخوںکے پیچھے دیکھنا چاہتی ہے،حدیبیہ پیپرز ملز کیس کو بھی فوری طور پر کھولا جائے تاکہ منی لانڈرر خاندان کو پتہ چل سکے کہ اسے کیوں نکالا؟۔
انہوں نے مزید کہاکہ نواز شریف بار بار کہہ رہے تھے عدالتوں سے نہیں بھاگیں گے لیکن اب عدالتوں کے سامنا کر نے سے خوفزدہ ہیں ۔
انہو ں نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کی دعویدار (ن) لیگ کے دور حکومت میں غریب کا جینا مشکل کردیاہے، موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی بحران بڑھتے جارہے ہیں ،شفافیت کا نعرہ لگانے والوں کے کرپشن کے ریکارڈ سامنے آ رہے ہیں، پنجاب میں کمپنیاں قائم کرنے کا بڑا سکینڈل سامنے آیا، (ن) لیگ ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ کمیشن مافیاہے ۔