واشنگٹن:امریکی صدر نے مین ہیٹن کے دہشت گرادنہ واقعے کے بعد امریکہ آنے والے غیر ملکیوں کی کڑی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کو امریکا آنے والے غیر ملکیوں کی جانچ پڑتال مزید سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔امریکی صدر کی طرف سے یہ بیان مین ہیٹن کے دہشت گرادنہ واقعے کے بعد سامنے آ یا ہے۔امریکی شہر نیو یارک میں سڑک کنارے کھڑے افراد کو پک اپ گاڑی تلے روندنے اور فائرنگ کے واقعے میں آٹھ افراد ہلاک اور پندرہ سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
نیو یارک پولیس محکمے کے مطابق حملہ آور نے اپنی گاڑی سے اتر کر فائرنگ بھی شروع کردی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔امریکی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق حملہ آور ازبک شہری ہے اور اس کا نام سیف اللہ حبیب اللہ وچ سائیپوف بتایا جاتا ہے تاہم بعض خبروں میں حملہ آور کا تعلق کرقیزستان سے بتایا گیا ہے۔
دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے باعث مغربی ملکوں اور امریکی حکام میں تشویش ایسے وقت میں پائی جاتی ہے جب یہ ممالک عراق اور شام میں مخالفین کی ہمہ گیر حمایت کرکے دہشت گردی کوفروغ دیتے رہے ہیں۔