لاہور :پی سی بی نے میڈیکل کلیئرنس ملنے تک چار کرکٹرز کو کھیلنے سے روک دیا، ان میں بابر اعظم، عماد وسیم، عثمان شنواری اور رومان رئیس شامل ہیں. 8 دیگر کھلاڑیوں کو قومی ٹی 20کپ تک کسی بھی میچ میں شرکت سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے، بنگلہ دیش لیگ میں شرکت کے خواہشمند پلیئرز کو مشروط این او سی جاری کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم، عماد وسیم، عثمان شنواری اور رومان رئیس بعض معمولی نوعیت کی انجریز میں مبتلا ہیں، پی سی بی نے ان چاروں کو میڈیکل کلیئرنس ملنے تک کسی بھی کرکٹنگ سرگرمی میں حصہ نہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ 11 نومبر سے شیڈول قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے قبل تک8 دیگر پلیئرز سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ کرکٹ نہ کھیلیں۔
ان میں کپتان سرفراز احمد، حسن علی، محمد عامر، شاداب خان، شعیب ملک، فہیم اشرف، محمد حفیظ اور فخر زمان شامل ہیں، واضح رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کا ساتواں رانڈ جمعرات سے ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہو رہا ہے.اس میں مذکورہ پلیئرز کی خدمات ٹیموں کو حاصل نہیں ہوں گی، حفیظ ان دنوں بولنگ ایکشن ٹیسٹ کیلیے انگلینڈ میں مقیم ہیں۔