ریاض:سعودی عرب میں ہرسال لاکھوں افراد کو ورک ویزےجاری کیے جاتے ہیں جن میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے ورکر شامل ہیں ،سعودی کفیلوں پر ان ویزوں کے اجراء کے لیے کچھ شرائط عائد ہیں ۔
تاہم ہزاروں سعودی کفیل ہر سال غلط معلومات فراہم کر کےہزاروں ویزے جاری کرواتے ہیں ۔ سعودی وزارت محنت و سماجی فروغ کے ترجمان خالد اباالخیل نے خبردار کیا ہے کہ مہلت ختم ہوتے ہی ایسے تمام اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں نے ای سسٹم کی پابندی کے احکام نافذ نہیں کئے ہوں گے۔
انہو ں نے توجہ دلائی کہ وزارت سے کوئی بھی خدمت حاصل کرنے کی غرض سے غلط اطلاعات فراہم کرنے والے ادارے کے مالک پر 25ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔ یہی جرمانہ اس وقت بھی ہو گا جب کسی ادارے کا مالک ملازمت کے ویزے حاصل کرنے کیلئے غلط معلومات فراہم کرے گا۔
جتنے زیادہ کارکن غلط معلومات کی بنیاد پر ویزوں سے استفادہ کریں گے اتنے ہی جرمانے ہوں گے۔ دوسری جانب وزارت محنت نے اپیل کی ہے کہ مقررہ لاگت کی پابندی نہ کرنے والی ریکروٹنگ ایجنسیوں اور کمپنیوں کی رپورٹ کی جائے۔