ابوظہبی : اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے چچا شیخ طہنون بن محمد النہیان انتقال کرگئے ہیں۔ شیخ تہنون کے انتقال پر یواے ای میں 7 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اماراتی پرچم سرنگوں رہے گا۔
شیخ طہنون العین ریجن میں ابوظہبی کے حکمران کے نمائندے تھے اور وہ آج انتقال کرگئے ۔ ان کے انتقال پر اماراتی حکام نے صدر مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔
نائب صدر، وزیر اعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم ، حاکم شارجہ ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی ، حاکم عجمان شیخ حمید بن راشد النعیمی ، حاکم فجیرہ شیخ حمد بن محمد الشرقی، حاکم ام القوین شیخ سعود بن راشد المعلا اور حاکم راس الخیمہ شیخ سعود بن صقر القاسمی نے الگ الگ بیانات میں شیخ طہنون کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور النہیان کے اہل خانہ سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔