اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت بیرونی سازش کے ذریعے ہٹائی گئی اس لیے اب ہم چاہتے ہیں مراسلے پر کمیشن بنا کر اوپن سماعت کی جائے،ہم پر مقدمات بنانے والوں پر غداری کے کیسز چلنے چاہئیں۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے مراسلہ پاکستانی قوم، چیف جسٹس، اسپیکر، صدر اور نیشنل سکیورٹی کونسل کے سامنے رکھا ہے،میں نے سب کو بتایا کہ پاکستانی حکومت اور جمہوریت کیخلاف باہر سے سازش کی گئی۔ میں نے بتایا کہ اس سازش میں ہمارے میر جعفر میر صادق ملوث ہیں۔میری بات کو کسی نے نہیں مانا، بڑے صحافیوں نے بھی اس مراسلے کو نہیں مانا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم اور اپوزیشن نے بھی اس مراسلہ کو نہیں مانا، دوسری نیشنل سکیورٹی کونسل میں سب نے اسکو تسلیم کرلیا،امریکی دفاعی تھنک نے بھی آج کی ویڈیو میں اس سازش کو تسلیم کرلیا۔ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی تھنک ٹینک نے مان لیا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے روس اور یوکرین کی جنگ میں غیر جانبدار آزاد خارجہ پالیسی اختیار کی۔روس سے گندم بھی 30 فیصد کم نرخ پر ملنی تھی۔
امریکی تھنک ٹینک کے مطابق نیا وزیر اعظم اس لیے لایا گیا کہ وہ امریکہ کی بات مان کر امریکہ مفاد پر اپنا مفاد قربان کرے گا، نیا وزیر اعظم روس سے تجارت بھی نہیں کرے گا۔عمران خان نے کہا کہ نیا وزیراعظم چین سے بھی دور ہوگا اور روس یوکرین معاملے پر نیوٹرل بھی نہیں رہے گا۔ چالیس ارب کرپشن کیسز کے باوجود سازش اور ایجنڈا کے تحت انکو اقتدار پر بٹھایا گیا ہے اس خاندان کے 40 ارب کرپشن کیسز نیب اور ایف آئی اے میں ہیں جن پر انکو سزا بھی ہوچکی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا دہشت گردی کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار لوگ مارے گئے اور 400 ڈرون حملے بھی ہوئے، ہم دوبارہ اس طرف نہیں جا رہے تھے تو رجیم تبدیل کردی گئی، میں نے چیف جسٹس اور صدر کو اس پر خط لکھا، اس سازش کی تحقیقات ہونی چاہیے اگر تحقیقات نہ کی گئی تو کوئی وزیر اعظم آئندہ اپنے ملک کے مفاد کی حفاظت نہیں کرے گا بلکہ انکو قربان کرے گا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا میں پورے یقین سے کہتا ہوں کہ تحقیقات ہوئی تو پتا چل جائے گا کہ کس کس نے غداری کی،عمران خان کا کہنا تھا کہ مافیا کی حکومت نے ہم پر توہین مذہب کے کیسز بنائے،اس پر انکو شرم آنی چاہیےاصل میں ان لوگوں پر غداری کے کیسز بننے چاہئیں، سب پاکستانیوں نے چاند رات کو جھنڈے پکڑ کر اندر اور باہر سب کو پیغام دینا ہے۔