اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے اور بجلی کا مجموعی شارٹ فال صفر ہونے کے دعوے کئے جا رہے ہیں تاہم کئی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت بجلی کی مجموعی طلب 20 ہزار میگاواٹ جبکہ رسد بھی 20 ہزار میگاواٹ ہے جس کے باعث اس وقت کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے۔ پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات کے باعث بجلی کی طلب میں 5 ہزار میگاواٹ کمی آئی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وعدے کے مطابق یکم مئی سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی شروع کر دی گئی ہے، اتوار کے روز صبح 5 بجے سے ملک میں لوڈ شیڈنگ صفر کر دی گئی ہے جبکہ حکومت نے عید الفطر کے 3دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،مستقبل میں بھی بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔
دوسری جانب شہریوں کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں اب بھی لوڈشیڈنگ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جبکہ کئی علاقوں میں رمضان المبارک کی آخری سحری کے وقت بھی بجلی معطل ہونے کا شکوہ کیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کا لوڈشیڈنگ صفر کرنے کا دعویٰ، شہریوں کی تردید
11:34 AM, 2 May, 2022