سیالکوٹ،کورونا ایس اوپی کی خلاف ورزی اور گراں فروشی پر معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان برہم، سیالکوٹ میں رمضان بازار کے ناقص انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر کو ڈانٹ پلا دی۔
رمضان بازار کے دورے کے موقع پر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر پر اظہار برہمی کیا اور سب کے سامنے خاتون افسر کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ تنخواہ لیتی ہیں تو فرض بھی ادا کیجیے۔
فردوس عاشق اعوان کی ڈانٹ ڈپٹ پر اسسٹنٹ کمشنر نے اعتراض کیا اور وہاں سے چلی گئیں۔ جواب میں اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا ہم روزانہ مارکیٹ میں خوار ہوتے ہیں بات آرام سے بھی کی جاسکتی ہے گرمی سے کوئی پھل خراب ہوگیا تو کوئی کیا کرسکتا ہے۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کسی نے معاون خصوصی کے رویے کو نامناسب قرار دیا تو کسی نے اسسٹنٹ کمشنر سے اظہار ہمدردی کیا۔