اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی اور وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل مولانا حنیف جالندھری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔صدر مملکت نے رمضان المبارک،مساجد اور مجالس میں انسدادِ کورونا تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کردی ۔
نیو نیوز کے مطابق صدر عارف علوی نے علامہ ساجد نقوی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ مجالس میں ماسک پہنیں اور محفوظ فاصلہ اپنائیں، بزرگ افراد عبادات گھر پر انجام دیں جس پر علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ مجالس کے دوران تمام حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ حضور نبی کریم کی وبا سے بچنے کیلئے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔آئمہ کرام مساجد میں حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کی تاکید کریں۔
مولانا حنیف جالندھری سے گفتگو میں صدر مملکت نے مساجد اور مدارس میں کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد پر زور دیا۔ مولانا حنیف جالندھری نے بتایا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے مدارس کو خطوط لکھ چکا ہے۔