اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ مستحقین میں فنڈز تقسیم کرنے کے خواہاں ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے روزگار پروگرام کے لیے پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس کیش پروگرام بہترین منصوبہ ہے ہم نے 3 ہفتے میں 81 ارب روپے تقسیم کیے اور رقم نہایت غریب لوگوں میں تقسیم ہوئی۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاوَن سے بے روزگار افراد کی مشکلات سے آگاہ ہیں لیکن اب بے روزگار افراد اپنا نام رجسٹرکروائیں گے اور وہ صرف اتنا بتائیں گے کہ وہ کہاں کام کرتے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بے روزگار افراد کے لیے ویب پورٹل لاؤنچ کر دیا ہے اور تمام رجسٹرڈ بے روزگار افراد کو 12 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ رقم کی تقسیم کے لیے شفافیت کو بھی دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویب پورٹل میں کورونا کی وجہ سے بے روزگا ہونے والے افراد رجسٹر ہوسکیں گے۔ فنڈز زیادہ سے زیادہ مستحقین میں تقسیم کرنے کے خواہاں ہیں۔
گزشتہ ماہ وزیر اعظم نے ملک کے پہلے ٹیلی اسکول چینل کا افتتاح کیا تھا جہاں کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونے کی وجہ سے طلبا اپنی تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔وفاقی حکومت نے سرکاری ٹی وی کے تعاون سے ٹیلی اسکول چینل لانچ کیا جہاں ہرصبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک کا وقت طلبا کی تعلیم و تربیت کے لیے مختص ہے۔
پاکستان کے پہلے ٹیلی اسکول چینل پر پہلی کلاس سے لے کر 12 ویں جماعت تک کے طلبا و طالبات کو تعلیمی معاونت فراہم کی جائے گی۔