لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزارت اطلاعات میں بہترین ٹیم آئی ہے اور پردے کے آگے شبلی فراز ہیں اور پیچھے باجوہ ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات میں بہترین ٹیم آئی ہے، ایسی زبردست ٹیم کبھی نہیں آئی، پردے کے آگے شبلی فراز ہیں اور پیچھے باجوہ (لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ)۔ نواز شریف کے بعد اب فردوس عاشق اعوان بھی کہیں گی مجھے کیوں نکالا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شوگر مافیا ہر پارٹی میں موجود ہے، یہ لوگ پارٹیوں کو چندہ دیتے ہیں، کوئی کابینہ ایسی نہیں دیکھی جس میں شوگر اور آٹے والے نہ ہوں لیکن عمران خان چینی آٹا مافیا کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں گے، تحقیقات کرنے والوں نے وقت مانگا تھا، ابھی تک آئی پی پی کا کمیشن نہیں بنا۔
شیخ رشید نے کہا کہ کورونا دنیا بھر کےلیے چیلنج ہے، ریلوے کو کورونا سے 5ارب روپے کا ماہانہ نقصان ہورہا ہے لیکن کسی کو بھی ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔ پاکستان میں کوئی لاک ڈاؤن نہیں مذاق ہو رہا ہے، سب سے برا حال شٹر والی دکانوں کا ہے،اصل مسئلہ سفید پوشوں کا ہے جنہیں عید کا سیزن لگانا ہے۔ کاروبار نہ کھولے تو بیروزگاری کا طوفان آ جائے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ منظر عام پر آنے والا نیب آرڈیننس کا مسودہ جعلی ہے، اپوزیشن نیب قوانین میں جو ترمیم چاہ رہی ہے وہ ممکن نہیں، میرے موکل بتا رہے ہیں شہبازشریف کے ستارے گردش میں ہیں، شہبازشریف باہر جانے کیلئے جتن کر رہے ہیں، عید کے بعد نیب ٹارزن بننے جارہی ہے اور ٹارزن کی واپسی ہوگی۔ عید کے بعد کچھ لوگ اندر جا سکتے ہیں لیکن موکل نے ان کے نام نہیں بتائے۔