عمر اکمل پر تاحیات پابندی اور جائیداد بھی ضبط ہونی چاہیے: ذوالقرنین حیدر

01:15 PM, 2 May, 2020


لاہور:یہ ایک پورا مافیا گروپ ہے، عمر اکمل پر تاحیات پابندی اور جائیداد بھی ضبط ہونی چاہیے۔ ان لوگوں نے 2010 میں مجھے دھمکایا، میں کم عمر تھا دبا برداشت نہ کر سکا۔

تفصیلات کے مطابق میچ فکسنگ کیس میں عمر اکمل پر پابندی کے معاملے میں وکٹ کیپر بلے باز ذوالقرنین حیدر بھی میدان میں آ گئے ہیں۔ کرکٹر ذوالقرنین حیدر نے عمر اکمل پر سخت ترین الزامات عاید کرتے ہوئے تاحیات پابندی اور جائیداد بھی ضبط کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ذوالقرنین حیدر عمر اکمل پر 3 سالہ پابندی کو کم قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عمر اکمل پر تاحیات پابندی لگنی چاہیے۔ ویڈیو پیغام میں ذوالقرنین حیدر نے مطالبہ کیا ہے کہ عمر اکمل کی تمام جائیداد بھی ضبط ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ 2010 میں ان لوگوں نے مجھے ڈرایا دھمکایا، میں کم عمر تھا جس وجہ سے ان کا دبا برداشت نہ کرسکا۔ ذوالقرنین حیدر نے کہا کہ یہ ایک پورا مافیا گروپ ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو ان کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے کیریئر کے رستے میں بھی ان ہی لوگوں نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ میں کرکٹ کھیل رہا ہوں اور کرکٹ میں واپسی کے لیے پر امید ہوں، میری چیئرمین پی سی بی اور ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ مجھے موقع دیا جائے۔

دوسری جانب عمر اکمل کی سزا ایک سال تک محدود کیے جانے کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے جبکہ تفصیلی فیصلے میں 2 سال معطل کیے جانے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں