مہمند: وزیراعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے تاریخ ساز منصوبے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کیا جبکہ تقریب میں وفاقی وزرا، چیئرمین واپڈا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کے جو دل میں تھا سب کہہ دیا ہے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا مشکور ہوں انہوں نے ڈیم کے لیے جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ عدالتوں کا کام نہیں کہ ڈیم بنائیں، حکومتوں کا کام ہے لیکن ہماری حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے جوڈیشری کو آگے آنا پڑا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وادی تیراہ وہ علاقہ ہے جہاں انگریزوں کو شکست ہوئی، پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ جنگ زدہ علاقوں میں لوگ سرمایہ کاری نہیں کرتے۔ آج لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے پاکستان کا وزیر اعظم تیراہ گیا، قبائلی علاقوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ سنہ 1960 کی دہائی میں پاکستان ترقی کر رہا تھا، کیا وجہ ہے برصغیر کے دیگر ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے۔ چین کی ترقی مثال ہے، وہاں کی قیادت الیکشن کا نہیں سوچتی۔
مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے، 700 فٹ بلند ڈیم میں 12 لاکھ 9 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو جائے گی۔آبی ذخائر سے ابتدا میں 16 ہزار 37 ایکڑ رقبہ سیراب کیا جا سکے گا، ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی جبکہ اس سے 800 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ڈیم نہیں بنائے گئے کیونکہ کمائی پر توجہ تھی، مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں جس پر بہت خوشی ہے، کوشش کی کالا باغ ڈیم بھی بن جائے لیکن کامیاب نہیں ہوسکا۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتوں اور دشمن قوتوں نے ملک کو بنجر بنانے کی پوری کوشش کی، میری وزارت میں 128 لوگ ہوتے تھے ہم نے 6 افراد پر وزارت چلائی۔
پروپیگنڈا کیا گیا کہ مجھے سابق چیف جسٹس کی ڈیم فنڈنگ سے مسئلہ ہے، مجھے سابق چیف جسٹس کی ڈیم فنڈنگ سے کوئی مسئلہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس اور جسٹس صاحبان کی تقریب میں شرکت پر مشکور ہوں۔
فیصل ووڈا نے 10 ویں روزے سے پہلے اپنے حلقے سے نوکریاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کے ذریعے نوکریاں دینے کا آغاز کر رہے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے مفاد کے لیے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا۔
ماضی میں حکمرانوں نے اپنی جیبیں اور تجوریاں بھریں، ملک کو تباہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ 3 مرتبہ وزیر اعظم رہے اور آج جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ سمدھی، بیٹے، داماد، بھائی اور ان کا پورا ٹبر آج ملک سے بھاگا ہوا ہے۔ وزیر اعظم صاحب آپ کو عوام نے ان لوگوں کے احتساب کے لیے منتخب کیا۔
سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈیم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، آج اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا جس کے لیے سب نے جدوجہد کی، سپریم کورٹ اور ججز نے ڈیم سے متعلق فرض نبھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے یا سپریم کورٹ نے کسی پر کوئی احسان نہیں کیا۔ ڈیم فنڈز کے لیے اوور سیز پاکستانیوں نے دل کھول کر مدد کی۔ جس طرح کام ہو رہا ہے امید ہے ڈیم وقت مقررہ پر مکمل ہوجائے گا۔