اسلام آباد:خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی التواکی درخواست منظور کرلی ۔
ذرائع کے مطابق جسٹس طاہرہ صفدرکی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔سابق صدرپرویزمشرف خصوصی عدالت میں پیش نہ ہوئے ،جسٹس طاہرہ صفدر نے استفسار کیا کہ ملزم کہاں ہے ؟پرویزمشرف کے وکیل سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ سابق صدر علیل ہیں،وہ چل پھر سکتے ہیں نہ ٹھیک طرح بات کرسکتے ہیں،ڈاکٹروں نے انہیں سفرکی اجازت نہیں دی،عدالتی کارروائی رمضان کے بعدتک موخرکی جائے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ وہ پرویزمشرف کےساتھ 3 روز رہ کر آئے ہیں۔سابق صدر سے گفتگو بھی نہیں ہو پارہی ،جس پر خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس ملتوی کی درخواست منظورکرتے ہوئے سماعت 12 جون تک ملتوی کردی جبکہ سابق صدر کی بریت کی درخواست پراستغاثہ کونوٹس جاری کردیا۔