راؤ انوار پر نوازشیں، ملیر کینٹ ہی سب جیل قرار

راؤ انوار پر نوازشیں، ملیر کینٹ ہی سب جیل قرار
کیپشن: محکمہ داخلہ سندھ کے ٹیلی فون پر ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار پر خصوصی نوازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب ملیر کینٹ کے مخصوص حصے کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔ ملزم راؤ انوار کو کراچی منتقلی کے بعد ملیر کینٹ میں سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ سماعت میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم انکشاف ہوا ہے کہ انہیں جیل بھیجنے کے بجائے ملیر کینٹ منتقل کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے فوری بعد محکمہ داخلہ سندھ نے فون کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کو احکامات جاری کیے کہ راؤ انوار کو سیکیورٹی خدشات ہیں اس لیے ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دیا جائے۔

مزید پڑھیں: 'راؤ انوار کو ہتھکڑی میں لایا جائے ورنہ پورا ملک بند کر دیں گے'

محکمہ داخلہ سندھ کے ٹیلی فون پر ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔ ملیر کینٹ ملتان لائنز کو سب جیل قرار دینے کا نوٹی فکیشن آج عدالت کو موصول ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 مئی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کی کیس کی سماعت ہوئی تاہم پولیس نے راؤ انوار کو پیش کرنے کے بجائے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کر دیا جس میں کہا گیا کہ وہ بیمار ہیں جس کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں