ایشین ریسلنگ: بھارت کا پاکستانی ریسلرز کو ویزہ دینے سے انکار

10:56 PM, 2 May, 2017

اسلام آباد : ہندوستانی ہائی کمیشن نے 10 سے 14 مئی تک دہلی میں ہونے والی ایشین ریسلنگ چیمپیئن شپ کیلئے پاکستانی ریسلرز کو ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔سیکریٹری پاکستان ریسلنگ فیڈریشن محمد ارشد نے بتایا کہ 45 دن قبل ہم نے اپنے ہندوستانی کے ویزے کیلئے درخواست دی تھی لیکن ہمیں اب بتایا گیا ہے کہ ہندوستان نے ایونٹ کیلئے ہامرے ریسلرز اور آفیشلز کو ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔پانچ دن دہلی میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان کے محمد انعام بٹ اور محمد بلال کو شرکت کرنا تھی۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ہماری فیڈریشن نے یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ کو تحریری شکایت کردی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ہندوستان کو اس وقت تک ایونٹ کی میزبانی کے حقوق نہ دیے جائیں، جب تک وہ پاکستان سمیت ایونٹ میں شرکت کرنے والے تمام ممالک کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے کی یقین دہانی نہ کرائے۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ہندوستان نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کو بنیاد بنا کر پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں کیلئے ویزے جاری نہ کیے ہوں بلکہ اس سے قبل بھی وہ مختلف عالمی مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کی راہ میں رکاوٹ بنتا رہا ہے۔گزشتہ ماہ چنائی میں منعقدہ 19ویں ایشین جونیئر اسکواڈ چیمپیئن شپ میں بھی ہندوستان کی جانب سے ویزہ جاری نہ کرنے پر پاکستانی ٹیم ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکی تھی حالانکہ پاکستان کی جانب سے ایک ماہ قبل ہی درخواست دائر کر دی گئی تھی۔

صرف یہی نہیں بلکہ گزشتہ سال دسمبر میں جونیئر ہاکی ٹیم کو بھی بھارت نے ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا تھا البتہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دعوی کیا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وقت پر سفری دستاویزات جمع نہ کرائیں جس کی وجہ سے انہیں ویزہ جاری نہ ہو سکا۔پاکستان نے ہاکی کی عالمی گورننگ باڈی کے دعوے کو مسترد کر دیا تھا.

مزیدخبریں