نیو یارک: ماہرین نے کہا ہے کہ 81 فیصد سے زیادہ امریکی شہری عالمی نقشے پر عرب دنیا اور شمالی افریقی ملکوں کو تلاش کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
2057 امریکی شہریوں پر کئے گئے ایک سروے کے مطابق 81 فیصد امریکی شہری عرب دنیا اور شمالی افریقی ملکوں بارے خاطر خواہ معلومات ہی نہیں رکھتے اور نہ ہی انھیں عالمی نقشے پر تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم ان کی خواہش ہے کہ ان ملکوں کو میڈیا میں زیادہ کوریج دی جائے۔
سروے کے دوران 20 فیصد امریکیوں نے کہا کہ الہ دین کی کہانیوں میں جس روایتی شہر اغربہ کا ذکر ہے وہ درحقیقت عرب دنیا میں موجود ہے۔ 38 فیصد لوگوں نے کہا کہ یہ بہتر ہوگا کہ امریکی حکومت اغربہ کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردے کیونکہ وہ یہاں خطرے کا باعث بن سکتے ہیں۔
65 فیصد امریکی شہریوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ عرب دنیا کے بارے میں ان کی معلومات بہت کم ہیں جبکہ 30 فیصد سے زیادہ کا کہنا تھا کہ انھیں اس حوالے سے مزید جاننے کی ضرورت ہی نہیں۔25 فیصد نے کہا کہ وہ عرب دنیا کی جانب سفر کا سوچیں گے بھی نہیں جبکہ 39 فیصد نے کہا کہ یہ خطہ سیر و تفریح کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔
دس میں سے آٹھ افراد نے کہا کہ وہ بین الاقوامی خبریں سنتے ہیں لیکن ان میں سے ایک چوتھائی کے مطابق وہ عرب دنیا بارے خبریں بھی سن لیتے ہیں تاہم نصف کا کہنا تھا کہ امریکی میڈیا عرب دنیا کو مناسب کوریج ہی نہیں دیتا۔