مدھیہ پردیش:بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی حکومت کی جانب سے اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی گئی جس میں 700 بھارتی جوڑوں کی شادی کی گئی جب کہ تقریب میں ریاستی وزرا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ بھارتی وزیر گوپال بھرگاوا نے 700 دلہنوں کو لکڑی کا بیٹ (جو عموماً گھروں میں کپڑے دھونے میں استعمال ہوتا ہے) تحفے میں دیا تاکہ وہ ایسے شوہروں سے نمٹ سکیں جو شراب کے عادی ہیں جب کہ بیٹ پر لکھا گیا تھا ’’ یہ شرابیوں کو سبق سکھانے کے لیے ہے اور پولیس اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی۔‘‘
بھارتی وزیر نے تمام دُلہنوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے اپنے شرابی شوہروں کو منانے کی کوشش کریں مگر ان کی جانب سے انکار پر زبان کے بجائے لکڑی کے اس بیٹ سے بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دُلہنوں کو یہ بیٹ دینے کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ میں انہیں تشدد کرنے پر اکسا رہا ہوں بلکہ اس کا مقصد خواتین پر ہونے والے تشدد کو روکنا ہے۔