مظفرآباد: وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر کے عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کا پہلا مرحلہ شروع کر دیا ہے آج کا دن ایک بڑے خواب کی تکمیل کا دن ہے غریب اور مجبور افراد کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔
آزادکشمیر کے 10اضلاع کے 11بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ایمرجنسی سروسز شروع کر دی گئی ہیں جس کے لیئے محکمہ صحت کو 297آسامیاں اور ادویات کے لیئے ساڑھے 16کروڑ روپے مہیاء کر دیئے گئے ہیں مفت ایمرجنسی سروسز کو ابتدائی مرحلہ میں ضلعی ہسپتالوں میں شروع کیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ موجودہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے ساڑھے سولہ کروڑ روپے کی ادویات فراہم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے میڈیکل کالجز کے معیار کو بہتر کیا اور اب انکا الحاق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے ہوچکا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم نے زیادہ ٹیکنکل سٹاف بھرتی کیا ہے تاکہ سیاسی مداخلت کے بغیر ان آسامیوں کو پر کیا جائے اور عوام سہولیات میسر آسکیں۔