اسلام آباد: پاناما کیس فیصلے کے بعد معاملہ آگے بڑھنے لگا۔ جے آئی ٹی اور نئے بینچ میں رابطے کے لئے سپریم کورٹ میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل رجسٹرار محمد علی کو سیل کا کوارڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ مستقبل میں جے آئی ٹی اور بینچ کے درمیان رابطہ کوارڈینیٹر کے ذریعے ہو گا جبکہ جے آئی ٹی اپنی رپورٹ ہر پندرہ روز کے بعد کوارڈینیٹر کو ہی جمع کرائے گی۔
دوسری جانب آج چیف جسٹس ثاقب نثار کی زیر صدارت اہم اجلاس کا بھی امکان ہے جس میں پاناما کیس کا فیصلہ دینے والے پانچوں جج صاحبان شرکت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے کسی ممبر کو بھی نئے بینچ میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ جی آئی ٹی کی تشکیل کا اعلان بھی آج یا کل ہو سکتا ہے۔
جے آئی ٹی کے لیے آئی ایس آئی، ملٹری انٹیلی جنس، نیب، ایف آئی اے، ایس ای سی پی اور اسٹیٹ بینک نے اپنے اپنے نمائندوں کے نام سپریم کورٹ کو پہلے ہی ارسال کر دیئے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں