ٓدبئی :متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے افریقی عرب ملک الجزائر سے تعلق رکھنے والی ایک 17 سالہ طالبہ کے نام 10 لائبریریاں قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔حاکم دبئی کی طرف سے یہ اعلان الجزائری طالبہ فاطمہ گولام کے شوق مطالعہ اور حصول علم کے سفر کے دوران پیش آنے والی ناگہانی موت پراس کے ساتھ ہمدردی اور غم گساری کے طور پرکیا ہے۔
فاطمہ گولام حاکم دبئی کی جانب سے شروع کیے گئے عرب ریڈرز چیلنج کے پروگرام میں شرکت کے لیے آ رہی تھیں کہ الجزائر کے دارالحکومت سے 1500 کلو میٹر دور البیض شہر میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں اپنے ایک دوسرے ساتھی سمیت انتقال کرگئی۔ فاطمہ کی ناگہانی موت پر پورا الجزائر ہی نہیں بلکہ عرب دنیا بھی سوگوار ہے۔