پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر کی ملاقات، رمضان المبارک اور عید الفطر کے پیش نظر پاک افغان سرحد کو جلد کھولنے پر اتفاق کر لیا گیا۔
ملاقات میں باہمی تجارت کے فروغ اور خیبر پختونخوا میں مقیم افغان شہریوں کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے افغان سفارتخانے پر زور دیا کہ وہ سرحدی راستوں کو کھلوانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ رمضان کے دوران تجارتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ علاقائی امن پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے، اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت نے افغان حکومت سے مذاکرات کے لیے جرگہ تشکیل دیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید بتایا کہ افغان شہریوں کے لیے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سہولیات بڑھانے کے لیے بین الاقوامی اداروں سے بات چیت جاری ہے، تاکہ انہیں بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔