گجرات :گجرات کے علاقے ڈنگہ میں ہائی لیکس ڈالے پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد قتل کردیے گئے۔ واقعہ میانہ چک برگراں کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی تاکہ ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔