چیمپئنز ٹرافی2025: بھارت کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار، نیوزی لینڈ کو 250 رنز کا ہدف

06:03 PM, 2 Mar, 2025

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے 12ویں میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 250 رنز کا ہدف دے دیا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما جبکہ نیوزی لینڈ کی کپتانی مچل سینٹنر کر رہے ہیں۔

بھارتی بیٹنگ کا آغاز زیادہ متاثر کن نہ رہا اور ٹیم کی پہلی وکٹ 15 کے مجموعی اسکور پر گر گئی، جب شبھمن گل صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد 22 کے مجموعی اسکور پر کپتان روہت شرما بھی 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ویرات کوہلی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 30 کے مجموعی اسکور پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اکشر پٹیل نے 42 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا، جبکہ شریاس ائیر نے 79 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

کے ایل راہول 23، رویندرا جدیجا 16 اور ہاردک پانڈیا 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت کی آخری وکٹ اننگز کی آخری گیند پر گری جب محمد شامی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، ڈیون کانوے کی جگہ ڈیرل مچل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم بھارت کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کرے گی۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اسپنرز نے گزشتہ میچ میں اہم کردار ادا کیا تھا، اور وہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ نے بھی سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ جبکہ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
 

مزیدخبریں