اسلام آباد : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہر فرد کو اپنے حصے کی شمع جلانی ہے۔ بہاولپور میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اللہ کی طرف سے دیا گیا ایک انمول تحفہ ہے، جسے اللہ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو اپنے عقائد، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو یاد رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بلاوجہ تنقید کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی اور فرائض پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک عظیم مائیں اپنے بچوں کو پاکستان کی خدمت کے لیے قربان کرتی رہیں گی اور یہ قوم، خاص طور پر نوجوان، اپنی افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی نیٹ ورک موجود ہے، جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ریاست دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے، ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔